بریلی، 28؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )کانگریس نائب صدر راہل گاندھی نے اترپردیش حکومت کے وزراء پر مجرموں کو تحفظ دینے کا الزام لگاتے ہوئے آج کہا کہ اسی وجہ سے اس ریاست کا قانون وانتظام تباہ ہے۔راہل نے اپنی’’کسان یاترا‘‘کے دوران روہیل کھنڈ یونیورسٹی کیمپس میں طالبات سے بات چیت میں کی گئی شکایت پر کہا کہ یہ جرائم سے تحفظ ملنے کی وجہ سے بڑھے ہیں،غنڈوں کو ریاستی حکومت کے وزراء کا تحفظ مل رہا ہے،اسی وجہ سے یوپی کا قانون نظام خراب ہے۔طالبات نے راہل سے کی گئی شکایت میں کہا تھا کہ وہ محفوظ نہیں ہیں،غنڈے اور شرپسند انہیں راہ چلتے پریشان کرتے ہیں اور کئی بار تو انہیں چلتی گاڑی میں کھینچ لیا جاتا ہے۔اس پر کانگریس نائب صدر نے کہا کہ ریاست کا قانون وانتظام بدحال ہے، مگر جنگل راج میں اور کیا توقع کی جا سکتی ہے۔راہل نے کہا کہ سائیکل(ایس پی کا الیکشن نشان)کا پچھلا پہیہ ابھی تک ہلا نہیں ہے۔ریاست کی ترقی رکی ہوئی ہے اور عوام پریشان ہیں۔کانگریس لیڈر نے شہر میں روڈشو بھی کیا۔روڈشو کے دوران کچھ کارکنوں نے میمورنڈم دینے کیلئے راہل کی بس پر چڑھنے کی کوشش کی،اس پر ان کی حفاظت میں تعینات ا سپیشل پروٹیکشن گروپ کے جوانوں نے انہیں نکال دیا۔